لڑکی کو بچالیا گیا، میدک کے واقعہ کا ویڈیو وائرل، عوام میں برہمی
حیدرآباد۔/21 ستمبر، ( سیاست نیوز) ایک جنونی باپ کی جانب سے اپنی تین سالہ لڑکی پر مظالم کا دردناک ویڈیو سوشیل میڈیا میں وائرل ہوتے ہی محکمہ بہبودی خواتین و اطفال کے عہدیداروں نے فوری حرکت میں آتے ہوئے تین سالہ لڑکی کو بچالیا۔ ویڈیو میں باپ اپنی کمسن کو اذیتیں دے رہا ہے اور قریب میں بیٹھی ماں مسکرارہی ہے جبکہ کمسن لڑکی دونوں کے درمیان بے بسی کے عالم میں ظلم کا شکار ہے۔ میدک ٹاؤن میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا اور ویڈیو وائرل ہوتے ہی پولیس نے اپنے طور پر کارروائی کرتے ہوئے باپ کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ظالم باپ پولیس کے چنگل سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔ محکمہ بہبودی خواتین و اطفال کی جانب سے ٹوئٹر پر بتایا گیا کہ محکمہ کی ٹیم نے لڑکی کا تحفظ کرتے ہوئے محفوظ مقام منتقل کردیا۔ لڑکی کو مزید احکامات کیلئے چائیلڈ ویلفیر کمیٹی کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ لڑکی کے تحفظ اور ظالم باپ کے خلاف ضروری کارروائی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ پڑوس میں رہنے والے افراد نے خفیہ طور پر لڑکی کو اذیت دینے کی فلمبندی کی۔ 32 سالہ ناگراجو نے یہ حرکت کی جبکہ اس کی اہلیہ سنینا مسکرا رہی تھی۔ اسی دوران کانگریس رکن اسمبلی سیتکا نے لڑکی پر ظلم کرنے والے باپ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ میدک میونسپلٹی میں ٹریکٹر ڈرائیور کی حیثیت سے کام کرنے والے ناگراجو نے دوسری شادی کی ہے۔ پہلی بیوی کی تین سالہ لڑکی کو دونوں اذیتیں دے رہے تھے۔ حال ہی میں اپنی دوسری بیوی کی موجودگی میں یہ اذیت دی جارہی تھی کہ پڑوسیوں نے فلمبندی کرتے ہوئے وائرل کردیا۔ رکن اسمبلی سیتکا نے اس واقعہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت سوز واقعہ کے خلاف جنونی ناگراجو کو بخشا نہ جائے۔R