حیدرآباد ۔ /23 جون (سیاست نیوز)کمسن اور معصوم بچیوں کے ساتھ گھناؤنی حرکت کرنے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے اور ایک تازہ ترین واقعہ میں جواہر نگر علاقہ میں معمر شخص نے کم عمر لڑکی کے ساتھ دست درازی کی ۔ مقامی عوام نے اس شخص کی زبردست پٹائی کی اور بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق 65 سالہ جی وینکٹیش جو پیشہ سے مزدور ہے ساکن جیوتی کالونی ، جواہر نگر ، اسی علاقہ کی مقیم کمسن بچی جو اپنے مکان کے سامنے کھیل رہی تھی کہ اسے چاکلیٹ دینے کے بہانے اپنے مکان طلب کیا اور اسے چھت پر لے جاکر اس کے ساتھ زبردستی کی ۔ لڑکی نے چیخ و پکار شروع کردی جس کے نتیجہ میں مقامی عوام جمع ہوگئی اور جی وینکٹیش کی جم کر پٹائی کی اور بعد ازاں اسے مقامی پولیس کے حوالے کردیا ۔ جواہر نگر پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر آر سیدولو نے کہا کہ وینکٹیش کے خلاف تعزیرات ہند اور پوسکو ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اسے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔