کمسن لڑکی کا اغواء اور عصمت ریزی کرنے والا بدقماش گرفتار

   

ملزم کا ماضی کا ریکارڈ خراب، ونستھلی پورم پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 17 جولائی (سیاست نیوز) محبت کی آڑ میں شادی کا جھانسہ دیکر جنسی ہوس کو پورا کرنے والا بدقماش کو گرفتار کرلیا گیا۔ ونستھلی پورم پولیس نے شکایت کے اندرون 24 گھنٹے کارروائی کرتے ہوئے خاطی نوجوان کو گرفتار کرلیا جس نے ایک 13 سالہ کمسن لڑکی کا اغوا کے بعد عصمت ریزی کی تھی۔ ایک رات اپنی تحویل میں رکھتے ہوئے لڑکی کے ساتھ جنسی وابستگی کے بعد اس بدقماش نے لڑکی کو صبح سویرے چھوڑ دیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں 20 سالہ ایس سائی کمار کو گرفتار کرلیا جو چائے والا بتایا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ چائے والا سائی کمارکا تعلق ریاست اترپردیش سے ہے۔ خاطی سائی کمار مجرمانہ ریکارڈ رکھتا ہے۔ سابق میں حیات نگر میں 2 اور ونستھلی پورم میں ایک وارداتیں اس نے انجام دیا تھا اور جیل کی سزاء کاٹ چکا ہے۔ جیل سے رہائی کے بعد اس نے ایک چائے کی دکان پر ماسٹر کی حیثیت سے کام شروع کیا اور متاثرہ لڑکی اس کے پڑوس میں رہتی ہے۔ ایک سال سے اس نے لڑکی سے جان پہچان بنائی اور لڑکی سے محبت کا ڈھونگ کرنے لگا۔ اس نے لڑکی کو شادی کا جھانسہ دیا تھا اور لڑکی سے اپنی جنسی ہوس کو پورا کرنے کا موقع تلاش کررہا تھا۔ گذشتہ روز موقع اس کے ہاتھ لگا لڑکی اکیلی تھی۔ اس نے اس کی تنہائی کا فائدہ اٹھا کر گاڑی پر بٹھا لیا اور ایک سنسان مقام منتقل کیا۔ لڑکی سے شادی کے وعدہ کو پورا کرنے کا پھر وعدہ کیا اور رات اس کے ساتھ گذاری اور اس کی عصمت ریزی کی اور صبح چھوڑ دیا۔ لڑکی نے اپنے اوپر ڈھائے گئے ظلم کی داستان والدین سے بیان کی۔ پولیس نے کارروائی میں ملزم سائی کمار کو گرفتار کرلیا۔ شکایت کے وقت لڑکی کی والدہ نے مزید دو نوجوانوں کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے پولیس کو بیان دیا تھا۔ تاہم پولیس اس زاویہ سے بھی تحقیقات کررہی ہے۔