حیدرآباد /31 جولائی ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے علاقہ میں ایک کمسن لڑکی کی عصمت ریزی کا شرمناک واقعہ منظر عام پر آیا ۔ تاہم خاطی اس تین سالہ لڑکی کا رشتہ دار بتایا گیا ہے ۔ جس پر لڑکی کے والدین کافی بھروسہ کرتے تھے ۔ ذرائع کے مطابق خاطی کی راجو کی حیثیت سے شناخت کرلی گئی ہے ۔ جو لڑکی کے والدین کا قریبی رشتہ دار بتایا گیا ہے ۔ راجو کل اس تین سالہ کمسن لڑکی کو جو آنگن واڑی سنٹر میں زیر تعلیم تھی سنٹر سے واپس لینے گیا تھا اور لڑکی کو آنگن واری سنٹر سے واپس لینے کے بعد رات دیر گئے تک گھر واپس نہیں پہونچا ۔ جبکہ رات دیر گئے لڑکی کو مکان کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگیا ۔ لڑکی نے اپنے اوپر ہوئے ظلم کی داستان والدین کو بتائی اور لڑکی کے والد نے جو شانتی نگر مائیلاردیوپلی علاقہ کا ساکن ہے پولیس میں شکایت کردی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاہم فی الحال کچھ بھی بتانے سے پولیس نے انکار کیا ہے ۔