سی سی کیمرہ سے ملزم کی شناخت ، اے سی پی پیٹ بشیرآباد کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /25 جنوری ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے علاقہ دُنڈیگل ، قیصر نگر میں پیش آئے ایک دلخراش واقعہ میں تین سالہ معصوم بچی کو 33 سالہ درندہ صفت شخص نے اپنی ہوس کا نشانہ بنایا ۔ تفصیلات کے بموجب متاثرہ لڑکی جو قیصر نگر کی ساکن ہے کو کل رات اسی علاقہ کے رہنے والے معین الدین نامی شخص نے اس کا اغواء کرلیا بعد ازاں عصمت ریزی کی ۔ اس گھناؤنی حرکت کے بعد درندہ صفت شخص وہاں سے فرار ہوگیا ۔ جنسی زیادتی کی شکار لڑکی کے والدین نے اس کی حالت دیکھ کر پولیس سے شکایت درج کروائی ۔ دُنڈیگل پولیس فوری حرکت میں آکر علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کی جانچ کی اور ملزم کی نشاندہی کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس پیٹ بشیرآباد مسٹر اے سرینواس راؤ نے کہا کہ معین الدین کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس کے خلاف عصمت ریزی و پوسکو ایکٹ بھی نافذ کیا گیا ہے ۔ جبکہ متاثرہ لڑکی کو دواخانہ میں شریک کرتے ہوئے اس کا طبی معائنہ بھی کروایا گیا ۔