کمسن لڑکی کے قتل پر ریاستی وزیر ستیہ وتی راتھوڑ کی برہمی

   

متاثرہ خاندان کو 50 ہزار کی امداد، خاطی کے خلاف سخت کارروائی کیلئے کمشنر کو ہدایت
حیدرآباد۔10 ۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر بہبودی خواتین و اطفال ستیہ وتی راتھوڈ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حیدرآباد کے سعید آباد سنگارینی کالونی کی 6 سالہ کمسن لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کے معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ ستیہ وتی راتھوڑ نے اس واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کمشنر بہبودی خواتین و اطفال دیوا راجن اور سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار سے بات چیت کی اور اس واقعہ کے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی۔ انہوں نے مقتول لڑکی کے والدین کو فوری امداد کے طور پر 50,000 روپئے ادا کرنے کی ہدایت دی۔ کمشنر پولیس نے ریاستی وزیر کو بتایا کہ اس واقعہ کے سلسلہ میں پی راجو نامی شخص کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں اس طرح کے واقعات سے والدین میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہوسکتا ہے ۔ ریاستی وزیر نے شی ٹیم کو مزید متحرک کرنے اور بھروسہ کیندر اور سکھی کیندر کی کارکردگی میں توسیع کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سنگارینی کالونی کے عوام میں اعتماد کی بحالی کیلئے سیکوریٹی انتظامات مزید بہتر بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور لڑکیوں کے تحفظ کے لئے حکومت ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ ستیہ وتی راتھوڑ نے مقتول لڑکی کے والدین کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ R