سکندرآباد میں عمارت کے انہدام پر برہمی کا اظہار
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے سکندرآباد کے علاقہ میں ایک عمارت کے انہدام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار کو نوٹس جاری کی ہے ۔ جسٹس پی ونود کمار نے لاک ڈاؤن کے دوران تکارام گیٹ علاقہ میں عمارت کے انہدام کا سختی سے نوٹ لیتے ہوئے کمشنر جی ایچ ایم سی اور دیگر عہدیداروں کو توہین عدالت کی نوٹ جاری کی ہے۔ جج نے جی ایچ ایم سی کی جانب سے انہدامی کارروئی پر حکم التواء جاری کردیا۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ کے ڈیویژن بنچ نے 30 جون تک انہدامی کارروائی انجام نہ دینے کی پہلے ہی جی ایچ ایم سی کو ہدایت دی ہے ۔ ہائی کورٹ کی ہدایت کے باوجود بلدی حکام نے عمارت کو منہدم کرنے کی کوشش کی ۔ مالک مکان نے عدالت میں درخواست دائر کی اور بلدی حکام کے رویہ کی شکایت کی۔ بلدیہ میں لینڈ ایکویزیشن شعبہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ابھی تک اراضی سڑک کی توسیع کے لئے تحویل میں نہیں لی گئی ہے جبکہ بلدیہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ اراضی کے حصول کی کارروائی مکمل ہوچکی ہے ۔ جج نے بلدیہ کے وکیل کے بیان کو غلط قرار دیتے ہوئے عہدیداروں کو نوٹس جاری کی ۔