حیدرآباد : /12 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں انتخابات کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن نے ریاست کے کئی آئی اے ایس ، آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلے عمل میں لائے تھے ۔ انتخابات کو شفاف اور غیرجانبدارانہ بنانے پولیس کمشنر حیدرآباد ، ورنگل اور نظام آباد کمشنر کا تبادلہ کردیا تھا جبکہ اضلاع کے 8 سپرنٹنڈنٹ پولیس کا تبادلہ کردیا گیا تھا ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار نے ریاستی انٹلیجنس سربراہ انیل کمار کے ہمراہ آج ایک اجلاس منعقد کیا جس میں پولیس عہدیداروں کی فہرست تیار کرکے چیف سکریٹری کے حوالے کیا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ کمشنر حیدرآباد کیلئے کئی عہدیدار دوڑ میں ہے لیکن حکومت نے بعض عہدیداروں کے نام تجویز کئے ہیں جن میں مہیش مرلی دھر بھاگوت ، شکھا گوئل ، اور وکرم جیت مان شامل ہیں ۔ اسی طرح پولیس کمشنر نظام آبادو ورنگل کیلئے دو دو ناموں کا فہرست تیار کی گئی ہے اور 8 اضلاع کے سپرنٹنڈنٹ پولیس کیلئے بھی بعض نام تجویز کئے گئے ہیں ۔ ریاست کے بعض پولیس عہدیداروں کی نااہلی اور کارکردگی پر شبہ ظاہر کرکے الیکشن کمیشن نے 11 عہدیداروں بشمول سینئر آئی پی ایس عہدیداروں کا تبادلہ کیا تھا اور اس کیلئے نئے عہدیداروں کا اندرون دو یوم تقرر کیا جائے گا ۔