کمشنر پولیس ورنگل و عملہ کی ستائش : وزیر داخلہ

   

9 افراد کی ہلاکت کا معمہ حل کرنے پر مبارکباد
حیدرآباد۔/26 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کمشنر پولیس ورنگل اور دیگر پولیس عہدیداروں کی ستائش کی جنہوں نے 9 افراد کے پُراسرار قتل کے معمہ کو اندرون 24 گھنٹے حل کرتے ہوئے ملزمین کو حراست میں لے لیا۔ ورنگل کے دورے کنٹہ گاؤں کے ایک کنویں میں دو دن کے دوران 9 نعشیں دستیاب ہوئی تھیں۔ وزیر داخلہ نے کمشنر ورنگل رویندر کو اس معاملہ کی مکمل تحقیقات کرنے کی ہدایت دی تھی۔ پولیس نے اندرون 24 گھنٹے اس معمہ کو حل کرتے ہوئے حقیقی خاطیوں کو گرفتار کرلیا۔ وزیر داخلہ نے کمشنر اور ان کی تحقیقاتی ٹیم کی ستائش کی اور کہا کہ پولیس نے ہمیشہ کی طرح مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاطیوں کو گرفتار کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے ورنگل پولیس کی جانب سے سابق میں بھی بعض اہم واقعات کے ملزمین کے خلاف کارروائی اور انہیں عدالت سے سزا دلانے میں کامیابی کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پولیس ملک بھر میں اپنی مثال آپ ہے۔ تحقیقات کے سلسلہ میں تلنگانہ پولیس کا کوئی جواب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر امن و ضبط کی برقراری کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔