شیلانگ 9 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) سی بی آئی کی جانب سے کمشنر پولیس کولکتہ راجیو کمار سے کل اتوار کو دوسرے دن بھی شیلانگ میں پوچھ گچھ کریگی جبکہ ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ کنال گھوش ایجنسی کے دفتر پر یہاں شخصی طور پر پیش ہونگے ۔ ان سے بھی شردھا چٹ فنڈ اسکام کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کی جائیگی ۔ سی بی آئی کے تین سینئر عہدیداروں نے راجیو کمار سے تقریبا نو گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی اور اسکام سے متعلق اہم ثبوت و شواہد مٹانے میں ان کے سرول کے تعلق سے سوالات کئے ۔ سی بی آئی نے اس پوچھ تاچھ کے تعلق سے تاہم کوئی بریفنگ نہیں دی ۔ راجیو کمار سے پوچھ تاچھ کا آغاز 11 بجے دن ہوا تھا ۔ کمار کے وکیل بسواجیت دیب نے جو ٹی ایم سی کے کوآرڈینیٹر برائے میگھالیہ بھی ہیں کہا کہ راجیو کمار سی بی آئی سے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راجیو کمار سپریم کورٹ کے احکام پر یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے پہلے بھی احکام کی تعمیل کی تھی اور اب بھی کر رہے ہیں۔ راجیو کمار نے مغربی بنگال چیف منسٹر ممتابنرجی کی جانب سے شردھا اسکام کی تحقیقات کیلئے تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی کی قیادت کی تھی ۔ اس کے بعد یہ کیس سی بی آئی کو سونپ دیا گیا ۔ مسٹر دیب نے بتایا کہ راجیو کمار کل دوسرے دن بھی سی بی آئی کے دفتر پر پہونچیں گے ۔ مسٹر دیب نے مغربی بنگال کے دو سینئر آئی پی ایس عہدیداروں جاوید شمیم اور مرلیدھر شرما کے ساتھ تین مرتبہ مختصر وقفہ میں مسٹر راجیو شرما سے ملاقات بھی کی تھی ۔ علاوہ ازیں سی بی آئی نے پوچھ گچھ کیلئے ترنمول کے رکن پارلیمنٹ کنال گھوش کو بھی کل طلب کیا ہے ۔