کملا ہیریس نے یوکرین سے متعلق سوال پر قہقہہ لگایا، تنقیدوں کی زد میں

   

واشنگٹن : امریکہ کی نائب صدر کملا ہیریس یوکرینی مہاجرین سے متعلق سوال پر قہقہہ لگانے پر تنقید کی زد میں آگئیں۔امریکی نائب صدر کملاہیریس پولش صدر کے ہمراہ پولینڈ میں مشترکہ پریس کانفرنس کررہی تھیں کہ اس دوران ان سے یوکرین کے مہاجرین کے حوالے سے سوال کیا گیا۔کملا ہیریس نے صحافی کا سوال سنا اس کے بعد زور دار قہقہہ لگایا اور موضوع تبدیل کرنے کی کوشش کی۔صحافی کے سوال پر پولینڈ کے صدر نے کہا کہ سوال کملا ہیرس سے پوچھا گیا جس پر انہوں نے سوال کو ٹالنے کی کوشش کی اور موضوع بدلنے کی کوشش کی۔کملا ہیرس نے کہا کہ ضرورت مند دوست ہی حقیقتاً دوست ہوتا ہے جس کے بعد انہوں نے قہقہہ لگایا۔یوکرین جیسے سنجیدہ موضوع پر قہقہہ لگانے پر امریکی نائب صدر تنقید کی زد میں آگئیں اور انہیں سوشل میڈیا پر آڑے ہاتھوں لیا جارہا ہے۔امریکی کانگریس میں واحد یوکرینی نژاد رکن نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ اس سنجیدہ صورتحال پر عمل کرنے کی ضرورت ہے نہ کہ قہقہہ لگانے کی۔یوکرینی صدر کی سابق ترجمان نے بھی اپنے بیان میں کملا کے قہقہے کو تکلیف دہ قرار دیا اور کہا کہ یہ سانحہ سے کم نہیں ہوگا اگر کمالا صدر بن گئیں تاہم انہوں نے بعد میں اپنی ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی۔