واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکی نائب صدر کے عہدے کے لئے ہندوستانی نژاد امیدوار کملا ہیریس کی شہریت اور اہلیت پر سوالات کھڑے کیے ہیں۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق مسٹر ٹرمپ نے جمعرات کے روز سینیٹر اور ڈیموکریٹک پارٹی کی نائب صدرکی امیدوار کملا ہیریس کی جائے پیدائش اور اہلیت پر سوالات کھڑے کرنے کے علاوہ سابق نائب صدر اور ڈیموکریٹک کے نامزد صدارتی امیدوار جو بائیڈن نیز سابق صدر بارک اوباما کو بھی نشانہ بنایا۔میڈیا سے خطاب کے دوران، صدر ٹرمپ نے چیپمین یونیورسٹی کے پروفیسر جان ایسٹمین کے ایک مضمون کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ کیا محترمہ کملا ہیریس صدر اور نائب صدر منتخب ہونے کے لئے اہل ہوسکتی ہیں؟مسٹر ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہیں محترمہ ہیریس کی اہلیت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے ۔محترمہ ہیریس امریکہ میں کیلیفورنیا کے شہرآکلینڈ میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے والد جمائیکا سے ہیں اور والدہ کا تعلق ہندوستان سے ہے ۔کیا وہ امریکی آئین کے مطابق ملک کی نائب صدر یا صدر بننے کی اہلیت کی حامل ہیں ؟ ۔ ٹرمپ نے اس سے قبل اپنے پیشرو صدر بارک اوباما کی اہلیت پر بھی اسی طرح سوالات اٹھائے تھے ۔ویسے امریکی سیاست میں کملاہیریس ہی واحد ہندوستانی نژاد خاتون نہیں ہیں بلکہ تلسی گبارڈبھی ہندوستانی نژاد ہیں جو امریکی صدارتی انتخابات کی دوڑ سے پہلے ہی دستبردار ہوچکی ہیں ۔