واشنگٹن : امریکہ میں نئے صدر جوبائیڈن اور ان کی نائب کملاہیریس کی حلف برداری کے بعد امریکہ اور ہندوستان کے تعلقات میں مزید مضبوطی پیدا ہوگی۔ وائیٹ ہاؤس کے اعلیٰ سطحی عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ 56 سالہ کملاہیریس کے والد جمیکا کے شہری تھے جبکہ ان کی والدہ ہندوستانی تھیں۔ چہارشنبہ کو انہوں نے امریکہ میں پہلی سیاہ فام، پہلی خاتون اور پہلی سیاہ فام ایشیائی خاتون کے امریکہ کے نائب صدر کے جلیل القدر عہدہ پر فائز ہوکر نئی تاریخ رقم کی۔ کملاہیریس کیلیفورنیا کی سابق سینیٹر ہیں۔ انہوں نے صدر جوبائیڈن کے حلف لینے سے چند منٹ قبل امریکہ کی نائب صدر کی حیثیت سے حلف لیا۔ یاد رہیکہ جوبائیڈن امریکہ کے 46 ویں صدر بن چکے ہیں۔ وائیٹ ہاؤس میں اپنی روزانہ کی نیوز بریفنگ کے دوران وائیٹ ہاؤس پریس سکریٹری جین ساکی نے کہا کہ جوبائیڈن ہندوستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ اور مستحکم تعلقات کا ہمیشہ احترام کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کئی بار ہندوستان کا دورہ کیا ہے۔