کملیش تیواری کی ماں کسم دیوی نے یوگی حکومت سے جتائی ناراضگی، پولیس پر لگایا نظربند کرنے کا الزام

,

   

ہندو سماج پارٹی کے قومی صدر کملیش تیواری کی ماں کسم دیوی نے لکھنئو پولیس پر سنگین الزام لگائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے انہیں نظربند کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنے پولیس اہلکار آج ہمارے ساتھ ہیں، اگر اتنے ہمارے بیٹے کے ساتھ ہوتے تو آج وہ زندہ ہوتا۔ انہوں نے یوگی حکومت سے بھی شدید ناراضگی جتائی ہے اور کہا کہ اگر انصاف نہیں ملا تو بڑا آندولن ہو گا۔ بتا دیں کہ گزشتہ جمعہ کو حملہ آوروں نے کملیش تیواری کو قتل کر دیا تھا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے اہل خانہ نے قاتلوں کو پھانسی کی سزا دلانے کی مانگ کی ہے۔ ساتھ ہی لکھنئو پولیس پر سنگین الزام لگائے ہیں۔ کملیش کی ماں کسم دیوی نے کہا کہ اس وقت میرے گھر پر اتنی فورس لگائی گئی ہے کہ ہم خود کو نظربند محسوس کر رہے ہیں۔ اتنی فورس اگر قاتلوں کو تلاش کرنے میں لگائی گئی ہوتی تو اب تک ان کو پکڑ لیا گیا ہوتا۔ 

ان کی ماں نے کہا کہ ہمیں اب بھی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں انصاف نہیں ملا تو وہ بڑا آندولن کریں گی ۔کملیش تیواری کے بھائی نے کہا کہ قاتل لکھنئو میں ہی گھومتے رہے، لیکن پولیس نے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جس ہوٹل میں وہ رکے تھے اس میں وہاں کا مینیجر بھی شامل تھا۔ لیکن ابھی تک اس کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔