ساوتھ سوپر اسٹار کمل ہاسن جنہوں نے اپنے فلمی کیریئر میں کئی زبانوں کی سینکڑوں سوپرہٹ فلمیں دی ہیں اور جن کے ملک میں لاکھوں چاہنے والے موجود ہیں، اس بار ہونے جارہے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لئے اپنی کمر کس لی ہے۔ کمل ہاسن کے مطابق ان کی پارٹی اگلے لوک سبھا انتخابات میں 40 حلقوں سے مقابلہ کرے گی۔ تمل، تلگو اور ہندی فلموں کے مشہور ایکٹر کمل ہاسن نے مکل نیدھی میام (ایم این ایم) کے نام سے سیاسی جماعت قائم کرتے ہوئے سیاست میں داخلہ کا اعلان کیا۔ پچھلے ہفتہ انہوں نے چینائی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی لوک سبھا انتخابات میں کسی بھی پارٹی سے مفاہمت نہیں کرے گی، لیکن انہوں نے ابھی اس بات کا خلاصہ نہیں کیا کہ وہ کس حلقہ سے مقابلہ کریں گے۔