میلبورن ، 2 ستمبر (آئی اے این ایس)۔ آسٹریلیا کے ٹسٹ اور ونڈے کپتان پیٹ کمنز کمرکی تکلیف کے باعث ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ وائٹ بال سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا نے تصدیق کی ہے کہ ان کی بحالی کے عمل کو احتیاط سے منظم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ ایشز سے قبل مکمل فٹنس حاصل کر سکیں۔ آسٹریلیا یکم اکتوبر سے نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریزکھیلے گا، جس کے بعد 19 سے 25 اکتوبر تک ہندوستان کے خلاف تین ونڈے اور29 اکتوبر سے 8 نومبر تک پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے۔ سب سے زیادہ متوقع ایشز سیریز 21 نومبرکو پرتھ میں انگلینڈ کے خلاف شروع ہوگی۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق کمنز ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف محدود اوورزکی سیریزکے لیے دستیاب نہیں ہوں گے اور وہ بحالی کے منصوبے پر عمل جاری رکھیں گے۔ ان کی بولنگ میں واپسی ایشزکی تیاری کا حصہ ہوگی۔کمنز نے ویسٹ انڈیزکے خلاف ٹسٹ سیریزکے بعد کوئی میچ نہیں کھیلا۔ اس کے بعد وہ ویسٹ انڈیزکے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور جنوبی افریقہ کے خلاف مقابلوں میں بھی شامل نہیں ہوئے تاکہ انہیں آسٹریلیا کے ٹسٹ سمر سے پہلے 10 ہفتوں کا کنڈیشنگ پیریڈ مل سکے۔ تاہم کیریبین سے واپسی پرکمنز کوکمر میں درد محسوس ہوا، جو توقع سے زیادہ دیر تک برقرار رہا۔ پیرکوکی جانے والی اسکین میں ہڈی کے دباؤ کی علامات سامنے آئیں، جسے ‘‘ہاٹ اسپٹ’’ کہا جاتا ہے، جو بعض اوقات فریکچر سے پہلے ظاہر ہوتا ہے۔ خوش قسمتی سے کوئی فریکچر سامنے نہیں آیا۔ ٹیم میڈیکل اسٹاف پرامید ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ایشز ٹسٹ تک مکمل طور پر تیار ہو جائیں گے۔ چیف سلیکٹر جارج بیلی نے کہا ویسٹ انڈیز سیریزکے بعد ان کے لیے آرام کا منصوبہ بنایاگیا تھا، لیکن پھر انہیں کمر میں کچھ تکلیف محسوس ہوئی۔ اسکین نے معمولی ہڈی کے دباؤکو ظاہر کیا۔ توجہ صرف ایشز کی تیاری پر رہے گی۔ مینجمنٹ اور ری ہیب کے ذریعہ انہیں تیارکیا جا رہا ہے، اور امید ہے کہ پہلے ٹسٹ تک وہ مکمل طور پر فٹ ہوں گے۔امید کی جارہی کمنزکو ایشیز کیلئے تازہ دم رکھنے کیلئے یہ منصوبے بہتر ہوں گے ۔