کمنز 2019 کے کامیاب ترین بولر،سمیع دوسرے نمبر پر

   

میلبورن ۔30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی فاسٹ بولر پیٹ کمنز 2019 میں ایک وکٹ کی کمی سے سنچری مکمل نہیں کرپائے تاہم وہ سال 2019 کے کامیاب ترین بولر ہیں۔ انھوں نے سال کا اختتام 99 وکٹوں کے ساتھ کرلیا، وہ رواں برس سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بنے، ان سے قبل 2009 میں مچل جانسن نے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ کمنز نے 99 وکٹیں 20.50 کی حیران کن اوسط سے حاصل کیں۔ ان کے بعد ہموطن مچل اسٹارک (77) اورہندوستانی فاسٹ بولر محمد سمیع (77) نمایاں رہے، ناتھن لیون اور افغانستان کے راشد خان یکساں طور پر فی کس 56 وکٹیں لیکر سال کے کامیاب ترین اسپنرز قرار پائے۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سمیع حالانکہ اپنی اہلیہ کے ساتھ گھریلو مقدمات کے باوجود میدان پر رواں برس شاندار مظاہرے کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کی فتوحات میں اہم رول ادا کیا اور وہ ملک اور بیرون ملک کھیلی گئی ون ڈے اور ٹسٹ سیریز میں شاندار مظاہرے کرنے کے علاوہ انگلینڈ میں منعقدہ ورلڈ کپ میں ہیٹ ٹرک لینے کا کارنامہ بھی انجام دیا ہے۔