کمنز13 سال بعد پہلے مقام پر فائز ہونے والے آسٹریلیائی بولر

   

دبئی۔18 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے پیٹ کمنز آئی سی سی کی تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں دنیا کے نمبر ایک بولر بن گئے اور وہ 13 برس بعد پہلے مقام پر فائز ہونے والے پہلے آسٹریلیائی بولر ہیں کیونکہ اس سے قبل 2006 میں گلین میک گرا نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ بیٹسمینوں میں ڈی کاک اور فاف ڈوپلیسی ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئے۔ کوسل پریرا 58 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 40ویں نمبر پر آگئے، آل رائونڈرز میں جیسن ہولڈر بدستور سرفہرست ہیں۔ آئی سی سی نے تازہ ترین ٹسٹ کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی ہے اور بیٹسمینوں میں ویراٹ کوہلی بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں،کوئنٹن ڈی کوک 4 اور ڈوپلیسی 7 درجے ترقی کے ساتھ بالترتیب 8ویں اور 10ویں نمبر پر آ گئے۔ سری لنکا کے دیموتھ کرونارتنے نے بھی ایک سیڑھی چڑھ کر ڈوپلیسی کے ساتھ دسواں مقام حاصل کرلیا ہے۔ ہاشم آملہ تنزلی کے بعد 13ویں اور ڈین ایلگر نے 16ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ دنیش چندیمل ایک درجہ بہتری پا کر 27 ویں نمبر پر آ گئے۔ ڈربن ٹیسٹ کے ہیرو کوسل پریرا نے 58 درجے چھلانگ لگا کر 40 واں مقام سنبھال لیا۔ بولروں میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے ایک درجہ ترقی کے ساتھ پہلے مقام پر قبضہ جما لیا اور انہوں نے جنوبی افریقی فاسٹ بولر ربادا کو پہلے مقام سے محروم کردیا ہے اوروہ اب تیسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں جبکہ جیمز اینڈرسن ایک مقام کی بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے، ورنان فلینڈر چوتھے نمبر پر موجود ہیں، ڈوانے اولیویئر 3 درجے بہتری کے ساتھ 22ویں، وشوا فرننڈو 26 درجے ترقی کے ساتھ 49ویں، کاسن راجیتھا 10 درجے چھلانگ لگا کر 59ویں نمبر پر آ گئے۔ ال راونڈرز میں جیسن ہولڈر بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔