حیدرآباد : معروف کمپنی میں ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپئے غبن کرنے والی ایک خاتون کو سائبر کرائم پولیس سائبرآباد نے گرفتار کرلیا ۔ سائبر کرائم پولیس کے مطابق ایک خاتون دھوکہ باز پرتیبھاعرف گائتری کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ 22جنوری کو ایک شکایت کے بعد کارروائی کے دوران پرتیبھا کو گرفتار کیا گیا ۔ شکایت گذار ملازمت کی تلاش میں تھی اور اس نے ایچ سی ایل کمپنی میں ملازمت کی پیشکش کو دیکھنے کے بعد گائتری سے رابطہ قائم کیا ۔دھوکہ باز خاتون نے متاثرہ سے اس کا ریزیوم حاصل کیا اور ایچ سی ایل میں ملازمت دلانے کا وعدہ کیا اور کمپنی میں بیاک ڈور انٹری کے نام پر ملازمت کی طمانیت دیتے ہوئے شکایت گذار سے 2,42,000/- حاصل کرلئے اور فرضی لیٹر تھما دیا جو ایچ سی ایل کمپنی کے نام سے موسوم تھا ۔ متاثرہ خاتون نے دھوکہ باز سے گوگل پے ، پے ٹی ایم اور بینک اکاؤنٹ میں رقم منتقل کروالی ۔ یہ رقم اس دھوکہ باز خاتون نے 7 اگست سے 9 ستمبر تک حاصل کی ۔ چند روز بعد جب 14 ستمبر کو خاتون کو اس بات کا علم ہوا کہ اس کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے ۔ خاتون نے پولیس میں شکایت کردی ۔ پولیس کے مطابق پرتیبھا بنگلور سے تعلق رکھتی ہے جو گذشتہ ایک سال سے کولکتہ میں قیام پذیر تھی ۔ اس نے اپنا نمبر سوشل نٹ ورکنگ سائٹس فیس بک ، انسٹا گرام اور دیگر پلاٹ فام پر درج کیا تھا جو خود کو ایم این سیز کمپنیوں میں ملازمت دلانے کا دعویٰ کرتی تھی ۔