حیدرآباد ۔ 26 اکٹوبر (سیاست نیوز) گراہک کی تفصیلات کو استعمال کرتے ہوئے کمپنی کو دھوکہ دینے والے ایک سابق ملازم کو سی سی ایس سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس ڈی ڈی حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 25 سالہ این سریدھر کو گرفتار کرلیا گیا۔ آلوین کالونی جگت گیری گٹہ علاقہ کا ساکن سریدھر بنگلور کا متوطن بتایا گیا ہے جو ایک کمپنی میں ایچ آر تھا جو تھرڈ پارٹی میان پاور کے علاوہ ایس بی آئی کارڈز اور پیمنٹ سرویس کیلئے کام کرتی تھی۔ اس نے گراہک کے اہم دستاویزات کا غلط استعمال کرتے ہوئے اپنے ذاتی مفاد کیلئے استعمال کیا اور 12,66,000 روپئے کا دھوکہ دیا۔ سی سی ایس پولیس نے کمپنی کے ذمہ داران کی جانب سے کی گئی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔
