کمپنی کی دھوکہ دہی کا بھانڈا پھوٹ گیاQnet

   

کمپنی کو بند کرنے کا اعلان، کمشنر پولیس سائبرآباد وی سی سجنار کا بیان
حیدرآباد۔/27 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سائبر آباد پولیس کی کارروائی کے بعد Qnet کمپنی کا بھانڈا پھوٹ گیا۔ سائبر آباد حدود میں کارروائی کے بعد چوکسی اختیار کرتے ہوئے منسٹر آف کارپوریٹ افیرس نے کمپنی کو بند کرنے کااعلان کردیا۔ یہ بات کمشنر پولیس سائبرآباد کمشنریٹ مسٹر وی سی سجنار نے بتائی۔ انہوں نے آج یہاں پریس کانفرنس کے دوران وزارت کے اہم فیصلے سے واقف کرایا اور بتایا کہ اس کمپنی کی دھوکہ دہی کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور کمپنی کو دھوکہ باز کمپنی قرار دیا گیا ہے۔ تاہم اس دوران سائبرآباد پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے 70 افراد کو گرفتار کرلیا اور اس کمپنی کے خلاف38 مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ جبکہ بنگلور میں وہاں کمپنی کے ذمہ داروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ اس کمپنی کی پرموشن میں کام کرنے والے پرموٹر معروف فلم اسٹار شاہ رخ خاں، انیل کپور، ویویک اوبرائے، بومن ایرانی، پوجا بھاٹکر و دیگر کو نوٹس جاری کی جاچکی ہے۔ تاہم شاہ رخ خاں ، انیل کپور اور بومن ایرانی کے وکلاء نے اپنا جواب داخل کیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سائبر آباد پولیس کی جانب سے گزشتہ تین چار ماہ کی کارروائی کے دوران یہ نتائج برآمدہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کمپنی کے کاروبار اور سرمایہ داری اور کام کاج کے طریقہ کار کی ہر زاویہ سے جانچ کی جاچکی ہے اور منسٹری آف کارپوریٹ افیر نے بھی ملک بھر میں کمپنی کے خلاف درج مقدمات کا جائزہ لیا اور کمپنی کے امور کی جانچ کے بعد اس کو مکمل دھوکہ باز کمپنی قرار دے دیا ہے اور جب تک کمپنی کا مارکٹ میں نام رہے گا عوام کو دھوکہ دہی کا نشانہ بنایا جاتا رہے گا۔ کمشنر پولیس وی سی سجنار نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اس طرح کی دھوکہ باز کمپنیوں کی پیشکش اور راغب کرنے والی اسکیمات و پالیسیوں کا شکار نہ ہوں۔