کمیونزم ڈی این اے دہلی پہونچ کر فرقہ پرست ڈی این اے میں تبدیل ہوگیا

   

شکست کے خوف سے حضور آباد کے عوام کو لالچ دینے کا ایٹالہ راجندر پر ہریش راؤ کا الزام
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے ایٹالہ راجندر پر سخت تنقید کرتے ہوئے کمیونسٹ نظریات کا ڈی این اے فرقہ پرست بی جے پی کے ڈی این اے سے میاچ کرنے پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنی شکست کے خوف سے ایٹالہ راجندر اسمبلی حلقہ حضور آباد میں بڑے پیمانے پر سیل فونس ، سلوائی مشین ، دیوار کی گھڑیاں ، مکسی گرینڈرس ، اور پوجا پاٹ کی اشیاء کے علاوہ بڑے پیمانے پر نقد رقم تقسیم کرنے کا الزام عائد کیا ۔ اسمبلی حلقہ حضور آباد کے مختلف منڈلس سے کانگریس اور بی جے پی کے قائدین و کارکنوں نے سدی پیٹ میں ہریش راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر فینانس نے کہاکہ عزت و نفس کو ایٹالہ راجندر نے دہلی میں رہن رکھدیا ہے ۔ ایٹالہ راجندر نے خود کہا کہ تھا ان کے خون میں کمیونزم ہے اور بائیں بازو کا ان کا ڈی این اے ہے ۔ عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے لفٹ جذبات کا اظہار کیا اور اپنے ذاتی مفادات کے لیے رائیٹ پارٹی میں شامل ہوگئے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر موجود رہنے کے دوران ہی ایٹالہ راجندر نے چیف منسٹر بننے کی کوشش کی اور خود کو ٹی آر ایس کے مالکین میں شمار کیا ۔ فلاحی اسکیمات کی مخالفت اور مخالف پارٹی سرگرمیوں کو پارٹی میں رہ کر فروغ دیا گیا ۔ اگر ایٹالہ راجندر کو اسمبلی حلقہ حضور آباد کے عوام پر بھروسہ ہے تو پھر انہیں لالچ کیوں دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کے قائدین دہلی کے غلام ہیں جب کہ ٹی آر ایس کے قائدین تلنگانہ عوام کے غلام ہیں اور ٹی آر ایس کی ہائی کمان بھی تلنگانہ کی عوام ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی حلقہ حضور آباد کے لیے چار ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات منظور کئے مگر چار مکانات تعمیر کرنے میں ایٹالہ راجندر ناکام ہوگئے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بہت جلد طلبہ جے اے سی کی جانب سے حضور آباد میں بس یاترا کا اہتمام کیا جائے گا اور ضمنی انتخابات میں کامیابی صرف ٹی آر ایس کی ہوگی ۔۔