حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلگو دیشم پارٹی نے حضور نگر کے ضمنی انتخابات میں تلگو دیشم کی تائید کرنے کیلئے بائیں بازو کی جماعتوں سے اپیل کی ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اور رکن پولیٹ بیورو آر چندر شیکھر ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سی پی آئی اور سی پی ایم سے حضور نگر میں ٹی آر ایس کی اپیل کی اور کہا کہ کے سی آر حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے مقابلہ کا یہ بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی نے ٹی آر ایس کی تائید سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے مستحسن قدم اٹھایا ہے۔ آر ٹی سی ملازمین کے مسائل کی یکسوئی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے رویہ سے سماج کا ہر طبقہ متاثر ہوا ۔ نوجوانوں کو روزگار کا وعدہ آج تک پورا نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی نظر آر ٹی سی کے کروڑہا روپئے مالیتی اثاثہ جات پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی بجٹ میں آر ٹی سی کیلئے ایک پیسہ بھی منظور نہیں کیا گیا ۔ چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ آر ٹی سی کے نقصانات میں اضافہ کرتے ہوئے اسے خانگیانے کی سازش ہے ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ورنگل میں آر ٹی سی کے اثاثہ جات ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ دیاکر کے حوالے کئے گئے ہیں۔