کمیونسٹ قائد سید ولی اللہ قادری کی بھوک ہڑتال

   

کسانوں ، زرعی ، تعمیراتی مزدوروں اور روزمرہ محنت مزدوری کرنے والوں کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے سبب پریشانی کا شکار مزدور پیشہ طبقہ کو فوری راحت فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کمیونسٹ قائد سید ولی اللہ قادری نے بھوک ہڑتال کا آغاز کردیا ہے ۔ کسانوں ، زرعی اور تعمیراتی مزدوروں کے علاوہ روزمرہ محنت مزدوری پر گذر بسر کرنے والے کروڑہا عوام کے مسائل کو سرکاری سطح پر حل کرنے کا ولی اللہ قادری نے مطالبہ کیا ۔ اپنے گھر میں بھوک ہڑتال دیکشا کا آغاز کرنے والے تلنگانہ اسٹیٹ یوتھ فیڈریشن ( اے آئی وائی ایف ) کے صدر ولی اللہ قادری کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ عوام کے اس مشکل اور آزمائشی دور میں ان کا ساتھ دیں ۔ انہوں نے ہر خاندان کو 7 ہزار روپئے کی ادائیگی اور بے روزگاری بھتہ فی کس 5 ہزار روپئے فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا اور انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بڑے پیمانے پر کویڈ 19 کے ٹسٹوں کو انجام دے ۔ اس موقع پر سماجی فاصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے دو کمیونسٹ قائدین نے سید ولی اللہ قادری کی دیکشا کو مکمل تائید کا اعلان کیا ۔۔