کم آمدنی والے عازمین حج کو 60 ہزار اور 30 ہزار روپئے کی امداد

   

آندھرا پردیش حکومت کی تجویز، حج سوسائٹیوں کی مدد کرنے کا فیصلہ، ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشا نے آن لائن درخواستوں کا افتتاح کیا
حیدرآباد۔/10 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر آندھرا پردیش عظمت باشا نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد وجئے واڑہ سے آندھرا پردیش کے عازمین حج کی روانگی کا خواب چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی مساعی سے پورا ہوا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے آج وجئے واڑہ میں حج 2020 کے لئے آن لائن درخواستوں کے ادخال کا آغاز کیا۔ اس تقریب میں 13 اضلاع سے تعلق رکھنے والے علماء اور درخواست گذاروں نے شرکت کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اقلیتوں کی ترقی اور بھلائی پر خصوصی توجہ مرکوزکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے دوران عازمین حج کو کئی ایک دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ جاریہ سال وجئے واڑہ میں امبارگیشن پوائنٹ کو منظوری دی گئی اور آندھرا پردیش کے عازمین کو اب حیدرآباد جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے درخواست گذاروں سے اپیل کی کہ وہ آن لائن درخواستیں پُر کریں اور آخری تاریخ 10 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ آندھرا پردیش کے عازمین حج کیلئے حکومت کی جانب سے تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ 3 لاکھ سے کم سالانہ آمدنی رکھنے والے عازمین حج کو 60 ہزار روپئے جبکہ اس سے زائد آمدنی والے عازمین کو 30 ہزار روپئے ادا کرنے پر حکومت غور کررہی ہے۔ کابینی منظوری کے بعد یہ امداد عازمین کو جاری کی جائے گی۔ انہوں نے وجئے واڑہ کیلئے امبارگیشن پوائنٹ کی منظوری پر مرکزی وزیر مختار عباس نقوی سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین حج کی آن لائن درخواستوں کے ادخال میں اہم رول ادا کرنے والی ضلع حج سوسائٹیوں کی مالی مدد کرنے پر حکومت غور کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اقلیتوں کے بارے میں انتخابی وعدوں کی تکمیل میں خصوصی دلچسپی لی ہے۔ پرنسپل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود محمد الیاس رضوی نے کہا کہ گزشتہ تجربات کو دیکھتے ہوئے جاریہ سال آن لائن درخواستوں کے ادخال کو مزید بہتر اور آسان بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو کسی بھی زحمت سے بچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر سرینواس راؤ نے تیقن دیا کہ پاسپورٹ آفس کی جانب سے عازمین حج سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ حج کمیٹی کے ایکزیکیٹوو آفیسر ایل عبدالقادر نے کہا کہ عازمین حج کے تربیتی کیمپ سے مسائل کی یکسوئی میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے درخواست گذاروں سے کہا کہ وہ 10 نومبر سے قبل آن لائن درخواستیں داخل کردیں۔اس موقع پر وقف بورڈ کے چیف ایکزیکیٹو آفیسر شبر باشا ، سنی علماء کونسل کے ریاستی صدر مفتی محمد فاروق کے علاوہ 13 اضلاع سے تعلق رکھنے والی حج سوسائٹیوں کے نمائندے موجود تھے۔