پیانگ یانگ : شمالی کوریا کے مقامی میڈیا کا بتانا ہیکہ کم جانگ اْن کی اہلیہ ری سول جیو اپنے شوہر کے ہمراہ گزشتہ روز ایک تقریب میں شریک ہوئیں جو کم کے والد اور شمالی کوریا کے سابق رہنما کی سالگرہ کے سلسلے میں منعقد کی گئی تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ری سول جیو بیشتر اپنے شوہر کم جانگ اْن کے ہمراہ تقریبات میں شرکت کرتی تھیں لیکن وہ گزشتہ سال جنوری سے ان کے ہمراہ نظر نہیں آئی تھیں جس پر ان کی صحت اور حمل کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں۔جنوبی کوریا کی نیشنل انٹیلی جنس سروس کے حکام نے کانگریس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کمِ کی اہلیہ کورونا وائرس کی وجہ سے عوامی مقامات پر آنے سے گریز کررہی تھیں اور اپنا زیادہ تر وقت بچوں کے ساتھ گزار رہی تھیں۔کمِ اور ان کی اہلیہ نے ایک ساتھ اس تقریب میں شرکت کی اور سیکڑوں افراد کے ساتھ اس تقریب کو منایا۔خیال رہے کہ شمالی کوریا میں اب تک کورونا وائرس کے ایک بھی کیس کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔