کم جونگ ان کو صدر ٹرمپ کا مکتوب

   

Ferty9 Clinic

پیانگ یانگ ۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کو ایک خط لکھا ہے جس کے مندرجات تاحال سامنے نہیں آئے ہیں۔شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اتوار کو کم جونگ ان کی ایک تصویر جاری کی تھی جس میں وہ ایک ایسا کاغذ پڑھ رہے ہیں جس پر بظاہر وائٹ ہاؤس کی مہر موجود ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق کم جونگ ان صدر ٹرمپ کی انتہائی جرات اور سیاسی فہم کو سراہتے ہیں اورانہوں نے کہا ہے کہ وہ ضرور اس مکتوب کے ’’دلچسپ متن‘‘ پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔لیکن رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ صدر ٹرمپ نے خط میں کیا لکھا ہے اور نہ ہی امریکی حکام نے اس بارے میں لب کشائی کی ہے۔البتہ امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے صدر ٹرمپ کی جانب سے کم جونگ ان کو مکتوب بھیجے جانے کی تصدیق کی ہے۔پومپیو نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ اس مکتوب کے نتیجے میں جزیرہ نما کوریا کو نیوکلیئر ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت دوبارہ شروع کرنے میں مدد ملے گی۔گو کہ دونوں ملکوں کے درمیان نیوکلیئر تنازعہ پر بات چیت کا سلسلہ رواں سال کے آغاز سے معطل ہے لیکن صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان خط و کتابت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔دونوں سربراہانِ مملکت کے درمیان خط و کتابت کے اس حالیہ سلسلیکی ابتدا کم جونگ ان نے کی تھی جنہوں نے رواں ماہ کے آغاز پر صدر ٹرمپ کو ایک خط بھیجا تھا۔