’کم جونگ ان کی صحت انتہائی خراب ‘: امریکی میڈیا

   

نیویارک ۔ 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی صحت انتہائی خراب ہے۔شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی صحت کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں، امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ کم جونگ کی صحت دل کے آپریشن کے بعد انتہائی خراب ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق کم جونگ ان 15 اپریل کو اپنے والد کے یوم پیدائش کی تقریبات میں شریک نہیں تھے جبکہ اس سے4 دن قبل وہ ایک سرکاری اجلاس میں شریک تھے۔دوسری جانب کورین ویب سائیٹ کے مطابق کم جونگ ان کا 2 اپریل کو آپریشن ہوا تھا، طبیعت اب بہتر ہو رہی ہے۔ کم جونگ مشرقی ساحلی علاقے کی تفریح گاہ میں قیام پذیر ہیں۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی نیشنل سیکیورٹی کونسل اور نیشنل انٹیلی جنس اس حوالے سے موقف دینے سے گریز کررہے ہیں۔شمالی کوریا کی جانب سے خبر کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔