کم جونگ ان کی نگرانی میں نئے میزائل کا کامیاب تجربہ

   

پیانگ یانگ۔ 24 اگست (ایجنسیز) شمالی کوریا نے دو نئے فضائی دفاعی میزائلوں کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس کی نگرانی بذات خود ملک کے سربراہ کم جونگ اْن نے کی۔سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ میزائل اعلیٰ جنگی صلاحیت کے حامل ہیں اور ان میں منفرد ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے اس تجربے نے ثابت کیا کہ یہ میزائل ڈرونز، کروز میزائلوں اور دیگر فضائی اہداف کو مؤثر طور پر نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، تاہم، میزائلوں کی تکنیکی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔یہ تجربہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب جنوبی کوریا نے تصدیق کی ہے کہ منگل کے روز تقریباً 30 شمالی کوریائی فوجیوں نے غلطی سے غیر فوجی علاقہ (DMZ) عبور کیا، جس پر جنوبی کوریا نے وارننگ شاٹس فائر کیے۔ادھر جنوبی کوریا اور امریکہ کی جانب سے بڑی سطح کی مشترکہ فوجی مشقیں پیر سے جاری ہیں جنہیں شمالی کوریا اپنے خلاف خطرہ تصور کرتا ہے۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور جنوبی کوریا کے نو منتخب صدر لی جے میونگ کی ملاقات آئندہ پیر کو واشنگٹن میں متوقع ہے۔