واشنگٹن۔10 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعہ کو کہا کہ انہیں ڈیموکریٹک پیپلز جمہوریہ کوریا کے صدر کم جونگ کا ’خوبصورت‘ خط ملا ہے ۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہیں کم جونگ نے جمعرات کو تین صفحات پر مشتمل خوبصورت خط بھیجا ہے جس میں انہوں نے امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان فوجی مشقوں کو لے کر اعتراض کیا ہے ۔ٹرمپ نے کہا کہ اس خط میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان فوجی مشقوں سے خوش نہیں ہیں۔ٹرمپ نے اس دوران امید ظاہر کی کہ کم ان کے ساتھ ایک اور مذاکرات کریں گے ۔تاہم،یہ ملاقات کب اور کہاں ہو گی اس پر انہوں نے کوئی اطلاع نہیں دی۔ قابل ذکر ہے کہ ٹرمپ اور کم کے درمیان اس سال فروری میں نیوکلیئر تخفیف اسلحہ کے حوالہ سے ویت نام میں ہونے والی میٹنگ میں کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا تھا۔ جس کے بعد سے اب تک دونوں کے درمیان کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے ۔
