پیانگ یانگ۔ 20 ستمبر (یو این آئی) شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان نے آرٹیفشل انٹیلی جنس فوجی ڈرونز کی تیاری کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان نے آرٹیفشل انٹیلی جنس (اے آئی) فوجی ڈرونز کی تیاری کو اعلیٰ ترجیح قرار دیتے ہوئے اس منصوبے پر فوری کام شروع کرنے کا حکم دیا ہے ۔ غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا کہ کم جونگ ان نے پیانگ یانگ میں قائم ڈرون ٹیکنالوجی کمپلیکس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کثیرالمقاصد ڈرونز اور بغیر پائلٹ نگرانی کرنے والی گاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ یہ دورہ ایسے وقت میں کیا گیا جب رواں ہفتے شمالی کوریا نے سولڈ فیول راکٹ انجن کا کامیاب تجربہ کیا، جو بین الاقوامی بیلسٹک میزائل کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ شمالی کوریا کے صدر نے اس موقع پر کہا کہ بیلسٹک میزائل دراصل شمالی کوریا کی جوہری صلاحیتوں کی توسیع ہے ، جو ملکی دفاع کو مزید مضبوط کرے گی۔ خبر ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کے فوجی اثاثوں میں پہلے ہی جوہری ہتھیاروں سے لیس بیلسٹک میزائل شامل ہیں، ملک کے پاس تقریباً 10 لاکھ فعال فوجی اہلکار موجود ہیں جبکہ 70 لاکھ کی ریزرو فورس بھی دستیاب ہے ۔
یورپی ممالک کے ایئرپورٹس پر پروازوں کی تاخیر کا خدشہ
لندن ۔ 20 ستمبر (ایجنسیز) لندن کے مصروف ترین ہیتھرو ایئرپورٹ سمیت یورپی ممالک کے متعدد ایئرپورٹس پر پروازوں کی تاخیر کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیکنیکل ایشو کے سبب چیک آن بورڈنگ سسٹم متاثر ہوا ہے۔ برسلز ایئرپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ سائبر حملے کے سبب 10 پروازیں منسوخ ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق برسلز ایئرپورٹ پر 17 پروازوں میں ایک گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہے جبکہ برلن ایئرپورٹ پر بھی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔