کم جونگ کی صحت مند ہونے کا متمنی ہوں :ٹرمپ

   

واشنگٹن، 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے لئے جلد صحتیابی کی دعاکرتے ہیں لیکن انہیں ان کی خرابی صحت کی رپورٹ پر شک ہے ۔مختلف ذرائع و ابلاغ میں ایسی خبریں آئی تھی کہ کم جونگ بیمار ہیں اوران کی حالت نازک ہے ۔ مسٹر ٹرمپ نے کہا‘‘ایسی خبریں آئی ہیں لیکن ہمیں اس بارے میں کچھ نہیں معلوم ہے ۔ میرے ان سے کچھ اچھے تعلقات ہیں اورمیں ان کیلئے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتا ہوں۔ اگرواقعی ان کی ایسی حالت ہے جیسی رپورٹ میں بتائی گئی ہے تو یہ کافی سنگین ہے ’’۔امریکی صدر نے کہا کہ وہ شمالی کوریا کے لیڈر کی خیریت پوچھنے کے لئے ان کے پاس جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور شمالی کوریا میں جنگ جیسے حالات ہوتے اگر وہاں کم جونگ کی جگہ کوئی دوسرا لیڈر ہوتا۔جنوبی کوریا کے مقامی ایک اخبارنے رپورٹ دی تھی کہ کم جونگ کی سرجری کے بعد ان کی حالت تشویشناک ہے لیکن بعد میں یونھاپ نیوز ایجنسی نے جنوبی کوریا کے حکومت کے ذرائع کے حوالے سے اس خبر کو غلط بتایا تھا۔اس دوران کم جونگ اس مہینے کئی اہم موقعوں پرموجود نہیں رہے جس میں ان کے دادا اور شمالی کوریا کے بانی کم سنگ کے یوم پیدائش کا پروگرام بھی شامل ہے ۔

کم جونگ ان کی صحت سے متعلق شمالی کورین میڈیا خاموش
نیویارک ۔23 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کی صحت اور ان کے جائے قیام سے متعلق مقامی میڈیا نے خاموشی اختیار کر لی ہے۔یہ خاموشی ایسے موقع پر اختیار کی گئی ہے جب انٹرنیشنل میڈیا میں کم جونگ ان کی صحت سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ بعض ذرائع ابلاغ نے یہاں تک دعویٰ کیا تھا کہ دل کے آپریشن کے بعد کم جونگ ان کی حالت تشویش ناک ہے۔چہارشنبہ کو شمالی کورین میڈیا میں معمول کی کاروباری خبریں، کم جونگ ان کی کامیابیاں نشر کی جاتی رہیں جب کہ اخبارات نے بھی معیشت اور دیگر امور سے متعلق کم جونگ ان کے فرمان جاری کیے۔اس سے قبل امریکی نشریاتی ادارے (سی این این) نے امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا تھا کہ خفیہ اطلاعات ہیں کہ دل کے آپریشن کے بعد کم جونگ ان کی حالت تشویش ناک حد تک خراب ہے۔ تاہم وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔شمالی کوریا کے حکام نے سی این این کی خبروں کی سختی سے تردید کی تھی۔