آن لائن بکنگ پر دھوکہ دہی ۔ پرانے شہر کے عوام کی اکثریت متاثرین میں شامل
ایس ایم بلال
حیدرآباد 28 جون ۔ ملک بھر میں آن لائن اشیاء کی فروخت بڑا فراڈ ثابت ہورہی ہے۔ آن لائن بکنگ کرنے والے شہریوں کو دھوکہ کا شکار بناکر لاکھوں روپئے ہڑپ کر دھوکہ باز فرار ہورہے ہیں۔ ایک تازہ واقعہ میں شہر کے کئی نوجوان بھی اس دھوکہ دہی کا شکار ہوئے ہیں۔ انتہائی کم دام میں قیمتی کاریں، موٹر سائیکلیں اور موبائیل فونس خریدنے کے لالچ میں لوگ دھوکہ دہی کا شکار ہورہے ہیں اور اِس رجحان میں حالیہ 6 مہینوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سنٹرل کرائم اسٹیشن کی سائبر کرائم پولیس نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران دھوکہ دہی کے تقریباً 150 مقدمات درج کئے ہیں جن میں 120 متاثرین و درخواست گذاروں کا تعلق پرانے شہر سے ہے۔ راجستھان، اترپردیش، ہریانہ اور شمالی ہند سے دھوکہ باز جنوبی ہند کے افراد کو اپنا نشانہ بنارہے ہیں۔ آن لائن اشیاء کی خریدی و فروخت میں OLX سرفہرست ہے اور اِس ویب سائٹ کے ذریعہ دھوکہ باز خود کو سابق فوجی اور دیگر نیم فوجی دستوں سے وابستہ ہونے کا دعویٰ کرکے خود کی کاریں، موٹر سائیکلیں کم دام میں فروخت کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اشتہارات OLX پر جاری کررہے ہیں۔ کئی افراد بالخصوص پرانے شہر کے عوام اِن کا نشانہ بن رہے ہیں اور آن لائن رقومات دھوکہ بازوں کے اکاؤنٹ میں منتقل کیا جارہا ہے۔ سائبر کرائم ذرائع نے بتایا کہ دھوکہ باز پہلے اپنی گاڑی کا اشتہار OLX اور Quikr پر شائع کرتا ہے اور خواہشمند گاہک اِس سے ربط کرنے پر وہ تفصیلات واٹس ایپ کے ذریعہ روانہ کرتا ہے جس میں وہ فوجی ہونے کا فرضی شناختی کارڈ بھی موجود ہوتا ہے۔ ایسے کئی متاثرہ افراد نے دھوکہ بازوں کے دعوے پر یقین کرکے پے ٹی ایم بینک اور ایرٹیل منی کے ذریعہ لاکھوں روپئے رقومات اُنھیں آن لائن منتقل کئے اور دھوکہ دہی کا شکار ہوئے ہیں۔ سائبر کرائم کے اب تک کے تجزیہ میں یہ معلوم ہوا ہے کہ آن لائن دھوکہ دہی میں وکاس پٹیل اور منجیت سنگھ نامی دو دھوکہ باز جن کا تعلق راجستھان کے ضلع الور اور بھرت پور سے ہے خود کو فوجی ظاہر کرکے سینکڑوں افراد کو آن لائن دھوکہ دیا ہے۔ مذکورہ دھوکہ باز بطور اڈوانس کچھ رقم آن لائن منتقل کرواتے ہیں اور بعدازاں خواہشمند گاہک کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ وہ اُس کی گاڑی عنقریب اُسے پہونچ جائیگی ۔ اِس ضمن میں ایک کوریئر کمپنی سے کال موصول ہوتا ہے جو فرضی ہوتا ہے۔ کم دام میں قیمتی اشیاء خریدنے کے لالچ میں پرانے شہر کے عوام لاکھوں روپئے دھوکہ بازوں کے بینک کھاتوں میں منتقل کررہے ہیں۔ اِس سلسلہ میں سائبر کرائم پولیس اسٹیشن نے عوام کے حق میں ایک بیداری سرکیولر جاری کیا ہے جس میں شہریوں سے خواہش کی کہ وہ آن لائن خریداری کے ذریعہ دھوکہ دہی کا شکار نہ بنیں۔ پولیس نے دھوکہ بازوں سے چوکنا رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ڈٹکٹیو اویناش موہنتی نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کسی ای کامرس ویب سائیٹ کے ذریعہ خریدی پر چوکنا رہیں اور اشیا کو راست دیکھے بغیر نہ خریدیں۔
