ملزمہ ذہنی تناؤ کا شکار ، پولیس کی تفتیش پر اقبال جرم
حیدرآباد ۔ یکم / نومبر (سیاست نیوز) کم عمر بچوں کا گلا گھونٹ کر قتل کرنے والی ماں کو پولیس کنچن باغ نے گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر کنچن باغ مسٹر وینکٹ ریڈی کے بموجب 15 سالہ نیہا جبین اور 14 سالہ محمد عبدالعزیز /26 اکٹوبر کو اپنے مکان میں مردہ پائے گئے تھے ۔ پولیس نے اس ضمن میں تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے نعشوں کا پوسٹ مارٹم کروایا اور پولیس کو یہ معلوم ہوا کہ بچوں کی موت گولیوں کے زیادہ مقدار کھانے اور انسولین لینے کی وجہ سے ہوئی ہے ۔ پولیس نے شبہ کی بنیاد پر بچوں کی ماں سیدہ فرحت بیگم کو حراست میں لیا اور تفتیش کے دوران حیرت انگیز انکشاف ہوا ۔ پولیس نے بتایا کہ فرحت جبین گزشتہ چند دنوں سے ذہنی تناؤ کا شکار ہے اور اسے یقین ہوگیا تھا کہ اس کی کسی بھی وقت موت واقع ہوسکتی ہے ۔ اس خدشہ کے تحت اس نے /26 اکٹوبر کی شام کو اپنی بیٹی نیہا جبین اور بیٹے محمد عبدالعزیز کو پہلے بھاری مقدار میں خواب آور گولیاں دیں اور انسولین کے ڈوز بھی دیئے ۔ بعد ازاں بچے بیہوش ہونے کے بعد پیر سے گلاگھونٹ کر قتل کردیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ بچوں کا قتل اس مقصد سے کیا گیا ہے کہ فرحت بیگم کے انتقال کے بعد اس کے شوہر محمد عبدالرحیم بچوں کی پرورش ٹھیک سے نہیں کرسکیں گے ۔ پولیس کنچن باغ نے گرفتار ماں کو نامپلی کریمنل کورٹ میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔