حیدرآباد 30 جولائی (سیاست نیوز) مادنا پیٹ پولیس نے ایک کم عمر لڑکی کے اغواء کے معاملہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق 26 جولائی کو مادنا پیٹ داراب جنگ کالونی سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ کم عمر لڑکی جو نویں جماعت کی طالبہ بتائی جاتی ہے، اچانک لاپتہ ہوگئی جس کے بعد پریشان والدین نے پولیس اسٹیشن مادنا پیٹ سے رجوع ہوکر ایک شکایت درج کروائی۔ پولیس نے اغواء کا ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا کہ آج صبح لڑکی کو اغوا کنندہ اُس کے مکان کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اُسی علاقہ سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ اکبر نامی نوجوان نے جو شادی شدہ بتایا جاتا ہے، کم عمر لڑکی کا اغواء کرلیا تھا بعدازاں اُسے ہنمکنڈہ (ورنگل) لے گیا تھا۔ لڑکی کی دستیابی پر پولیس مادنا پیٹ نے طبی معائنہ کے لئے میٹرنٹی ہاسپٹل پیٹلہ برج سے رجوع کیا اور اِس کیس کی مزید تحقیقات کیلئے سٹی پولیس کے بھروسہ سنٹر سے ربط پیدا کیا ہے۔ لڑکی کے والدین کا الزام ہے کہ اغواء کی شکایت پر بھی پولیس نے اِس معاملہ میں مستعدی کا مظاہرہ نہیں کیا۔
