کم عمر لڑکی کی شادی کی کوشش ناکام، والدین گرفتار

   

کولکتہ، 7 دسمبر (آئی اے این ایس) مغربی بنگال کے ضلع ساؤتھ دیناجپورکے بالورگھاٹ میں پولیس نے والدین کی جانب سے اپنی17 سالہ بیٹی کی شادی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اہلِ خانہ نے اپنی نابالغ بیٹی کو چھپاکر بڑی بیٹی کو دلہن کے طور پر پیش کر کے حکام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی۔ پہلی اطلاع ملنے پر ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی، مقامی پولیس اور رضاکار تنظیموں کی ٹیم وارڈ نمبر25 میں واقع گھر پہنچی۔ اس موقع پر گھر والوں نے بڑی بیٹی کو دلہن کے لباس میں پیش کیا، جو بالغ تھی جس کے باعث ٹیم کوئی ٹھوس ثبوت نہ ملنے پر واپس لوٹ آئی۔ تاہم کچھ دیر بعد پولیس کو دوبارہ خبر ملی کہ اصل میں کم عمر لڑکی ہی کی شادی طے کی گئی تھی اور اسے پہلی کارروائی کے دوران جان بوجھ کر چھپایا گیا۔ دوسری اطلاع ملنے پر پولیس نے رات میں دوبارہ چھاپہ مارا اور والدین کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ 17 سالہ لڑکی، جو مقامی اسکول میں گیارہویں جماعت کی طالبہ ہے، کو فوری طور پر مالدہ کے ایک نگہداشت مرکز بھیج دیا گیا۔