کم عمر لڑکی کے ساتھ گھناونی حرکت ‘ ڈرائیور گرفتار

   

حیدرآباد ۔ /22 جنوری (سیاست نیوز) چھتری ناکہ پولیس نے کم عمر لڑکی کے ساتھ گھناؤنی حرکت کرنے والے ایک ڈرائیور کو گرفتار کرکے اسے جیل بھیج دیا ۔ اے سی پی فلک نما مسٹر ایم اے رشید نے کہا کہ /20 جنوری کو چھتری ناکہ جنگم میٹ کی ساکن ایک خاتون نے پولیس میں شکایت درج کرواتے ہوئے بتایا تھا کہ اس کی 7 سالہ کمسن لڑکی کی اس کے پڑوسی نے عصمت ریزی کی ہے ۔ پولیس نے خاتون کی شکایت پر فوری 45 سالہ متین علی خان جو پیشہ سے ڈرائیور ہے کو حراست میں لے کر تفتیش کی جس میں اس نے اقبال جرم کیا ۔ اے سی پی نے کہا کہ متین علی خان جنگم میٹ علاقہ میں واقع ایک مکان میں کرایہ سے رہتا ہے اور اس نے اسی مکان کے پڑوس میں رہنے والی 7 سالہ کمسن لڑکی کو نشانہ بناتے ہوئے اس کی عصمت ریزی کی اور انہوں نے کہا کہ /19 جنوری کو متین علی خان کو درخواست گزار خاتون کی بہن نے لڑکی کے ساتھ گھناؤنی حرکت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا تھا اور ملزم نے وہاں سے راہ فرار اختیار کرلی تھی ۔ پولیس چھتری ناکہ نے متین علی خان کے خلاف عصمت ریزی اور پوسکو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا اور عدالت میں پیش کرکے جیل منتقل کردیا ۔ مسٹر رشید نے کہا کہ گر فتار ملزم کی بیوی نے 5 سال قبل اس سے علحدگی اختیار کرلی تھی ۔