نیویارک۔ 20 اگست (ایجنسیز) صرف 16 سال کی عمر میں وہ کامیابیاں حاصل کرنے والے بنگلہ دیشی نڑاد امریکی انجینئر کیرن قازی اب اسپیس ایکس چھوڑ کر وال اسٹریٹ کی بڑی کمپنی Securities Citadel میں شامل ہو گئے ہیں۔ کیرن قازی نے اپنی ذہانت اور محنت کے ذریعے وہ مقام حاصل کیا جس کے لیے اکثر انجینئرز دہائیوں تک محنت کرتے ہیں۔ کیرن قازی نے کم عمری میں ہی اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا تھا۔ 9 سال کی عمر میں انہوں نے تیسری جماعت چھوڑ کر کالج جانا شروع کیا، 10 سال کی عمر میں انٹیل لیبز میں انٹرن شپ حاصل کی، اور 11 سال کی عمر میں سانتا کلارا یونیورسٹی منتقل ہو گئے۔ بالآخر 14 سال کی عمر میں وہ یونیورسٹی کی تاریخ کے سب سے کم عمر گریجویٹ بنے۔انہی صلاحیتوں نے ایلون مسک کو متاثر کیا۔ 2023 میں، جب وہ محض 14 سال کے تھے، گریجویشن کے فوراً بعد، مسک نے کیرن قازی کو اپنی کمپنی SpaceX کے Starlink ڈویڑن میں انجینئر کی حیثیت سے شامل کر لیا۔