خدمت فاؤنڈیشن کا پردہ فاش، 2 کروڑ روپے کے غبن کا الزا م، پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ 3 جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس نے قربانی کے کم قیمت میں حصص کے نام پر شہریوں کو دھوکہ دینے والے ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ خدمت فاؤنڈیشن کے نام پر دھوکہ دہی کے ریاکٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے ساوتھ ویسٹ زون پولیس نے 3 افراد کو گرفتار کرلیا جن پر 2 کروڑ سے زائد رقم غبن کرنے کا الزام ہے۔ عید الاضحی کے مبارک موقع پر شہریوں کی رقم لوٹتے ہوئے قربانی کے عظیم مقصد سے شہریوں کو دور رکھا گیا اور انہیں دھوکہ دیکر یہ ملزمین فرار ہوگئے تھے۔ 17 جون عید الاضحی کے موقع پر یہ واقعہ منظر عام پر آیا تھا جہاں کم قیمت میں قربانی کے حصے کے نام پر معصوم شہریوں کو لوٹا گیا۔ عید کے دن پریشان حال متاثرہ شہریوں نے پولیس حبیب نگر میں شکایت کی تھی۔ اس سلسلہ میں پریس کانفرنس کے دوران ڈی سی پی ساوتھ ویسٹ زون ادے کمار ریڈی نے بتایا کہ 30 سالہ محمد نصیر ساکن چندولعل بارادری، 29 سالہ محمد ظفر احمد ساکن بنڈلہ گوڑہ جاگیر اور 27 سالہ محمد اشفاق ساکن سن سٹی کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان کے قبضہ سے 32 لاکھ روپے نقد رقم، ایک لیاب ٹاپ، تین موبائیل فون، پن ڈرائیو و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا گیا۔ گرفتار افراد نے خدمت فاؤنڈیشن کے نام پر ایک فرضی ایپ تیار کیا اور قربانی کے حصص کے نام پر بھاری رقم وصول کی۔ آن لائن کے علاوہ راست طور پر بھی رقم حاصل کی گئی جس کیلئے تین مقامات ملے پلی میں پرائم فنکشن ہال، شمع ٹاکیز شاہ علی بنڈہ اور مسجد صفحہ ٹولی چوکی میں کاؤنٹر لگائے گئے تھے۔ 2800 روپے فی حصہ مقرر کرتے ہوئے کل 1,049 افراد سے 2,179 حصص کیلئے رقم حاصل کی گئی جبکہ صرف 500 حصص کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ ان کیخلاف فلم نگر پولیس میں بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پریس کانفرنس میں ایڈیشنل ڈی سی پی سید اشفاق، اے سی پی گولکنڈہ، سید فیاض انسپکٹر حبیب نگر رام بابو و دیگر موجود تھے۔ ع