کم نہیں ہور ہی ہے سابق وزیر مالیت پی چدمبرم کی مشکلات ، سی بی آئی نے پھر کی ضمانت کی عرضی کی مخالفت

,

   

کانگریس کے قدااور لیڈر اور سابق مرکزی وزیر خزانہ پی چدمبرم کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں ۔ قومی راجدھانی دہلی میں واقع تہاڑ جیل میں بند چدمبرم نے دہلی ہائی کورٹ میں ضمانت کی عرضی داخل کی تھی ۔ چدمبرم کی اس عرضی کی سی بی آئی نے مخالفت کی ہے ۔ ذرائع سے ملی جانکاری کے مطابق سی بی آئی نے کہا ہے کہ اس معاملہ کی جانچ ابھی چل رہی ہے ، ایسے میں انہیں ضمانت نہیں دی جانی چاہئے ۔ پی چدمبرم کافی با اثر شخصیت ہیں اور اگر انہیں ضمانت دی جاتی ہے تو گواہوں کو متاثر کرسکتے ہیں ۔

سی بی آئی نے کہا کہ چدمبرم کو ضمانت دینے سے بدعنوانی کے معاملہ میں غلط مثال قائم ہوگی ۔ یہ عوام کے اعتماد کے ساتھ دھوکہ کا ایک واضح معاملہ ہے ۔ کہا گیا ہے کہ مالی غبن کی مقدار اور اعلی عوامی عہدہ کا غلط استعمال چدمبرم کو کسی بھی راحت کے حق سے محروم کرتا ہے۔

خیال رہے کہ آئی این ایکس میڈیا معاملہ میں جیل میں بند چدمبرم کے معاملہ میں 23 ستمبر کو ضمانت کی عرضی پر سماعت ہوگی ۔ سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم پر الزام ہے کہ انہوں نے عہدہ پر رہتے ہوئے آئی این ایکس میڈیا کو سال 2007 میں 305 کروڑ روپے لینے کیلئے متعلقہ بورڈ سے منظوری دلائی تھی ۔ منی لانڈرنگ کے اس معاملہ میں ای ڈی سابق وزیر خزانہ سے پوچھ گچھ کررہی ہے ۔ چدمبرم اس معاملہ میں ضمانت کیلئے دہلی ہائی کورٹ میں عرضی داخل کرچکے ہیں ، جس پر اب 23 ستمبر کو سماعت ہوگی۔