کلکٹر نظام آباد سے سید قیصر کانگریس قائد کی نمائندگی، ناانصافی کے خطرہ پرتوجہ دہانی
نظام آباد:9؍ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سید قیصر قائد کانگریس پارٹی نے آج امبیڈکر بھون میں منعقدہ بلدیہ اجلاس کے اختتام کے بعد ضلع کلکٹر سی نارائن ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے بابن صاحب پہاڑی کنال کی توسیع سے متاثر ہونے والے خاندانوں کی بہتر باز آباد کاری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ضلع کلکٹر سی نارائن ریڈی کو یادداشت حوالے کرتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ملارم میں سرکاری وینچر قائم کیاگیا ہے وہاں پر متاثرین کو اراضی اور 8لاکھ روپئے رقم منظور کی جائے تاکہ بابن صاحب پہاڑی کنال کی توسیع سے گھر سے محروم ہونے والے غریب خاندان مکان کی تعمیر کے اہل ہوسکے۔سید قیصر نے ڈبل بیڈرو م مکانات تعمیر کئے کئی سال گذر جانے کے باوجود تقسیم عمل میں نہ آنے پر انہوں نے بابن صاحب پہاڑی کنا ل کے متاثرین کو ڈبل بیڈروم مکانات مختص کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ ضلع کلکٹر سی نارائن ریڈی نے تیقن دیا کہ تمام متاثرین کی باز آبادکاری کے اقدامات کئے جائیں گے۔ قبل ازیں سید قیصر کے ہمراہ موجود متاثرین جن میں خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی ضلع کلکٹر سے انکشاف کیا کہ بابن صاحب پہاڑی کنال سے متصل اراضی پر وہ کئی دہوں سے رہائش پذیر ہے جہاں پر ان کے 100 گز سے زائد اراضی پر مکانات قائم ہیں لیکن کنال کی توسیع کے باعث انہیں صرف 60 گز اراضی دی جارہی ہے جو ناقابل قبول ہے۔ متاثرین نے پرزور مطالبہ کیا کہ انہیں مکان کی تعمیر کیلئے قابل لحاظ اراضی فراہم کی جائے اور مکان کی تعمیر کیلئے بھی فنڈ منظور کیاجائے۔ ان خواتین نے بتایا کہ فی الوقت کسی مکان 120گز پر قائم ہے اور کسی کا مکان 150 گز پر قائم ہے لیکن انہیں صرف 60 گز اراضی دینے کا وعدہ کیاجارہا ہے جو نا انصافی ہے۔ سید قیصر نے ضلع کلکٹر سے مطالبہ کیا کہ بابن صاحب پہاڑی کنال پر واقع مکانات کا سروے کیاجائے فی مکان کی اراضی کا جائزہ لینے پر زیادہ تر مکانات 100گز سے زائد رقبے پر قائم ہیں ۔ تمام متاثرین کے ساتھ انصاف کیلئے سروے ٹیم تشکیل دی جائے اور حقیقی متاثرین کو ہی اراضی مختص کی جائے ۔ سید قیصر نے بتایاکہ یہاں پر بعض افراد کئی سال قبل مکانا ت فروخت کرچکے ہیں دوبارہ اراضی حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہے ایسی صورت میں حقیقی متاثرین کے ساتھ ناانصافی کا خطرہ لاحق ہے۔ ضلع کلکٹرنے تیقن دیا کہ تمام حقیقی متاثرین کے ساتھ انصاف کیاجائے گا۔