لندن،25نومبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے برسراقتدار کنزرویٹو پارٹی کا انتخابی منشور جاری کردیا جس میں انہوں نے کرسمس کے دوران ہونے والے انتخابات کے بعد یوروپی یونین سے علیحدگی (بریگزٹ) معاہدے کی تکمیل کا وعدہ کیا۔خبررساں ایجنسی رائٹر کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں 12 دسمبر 2019 کو ہونے والے انتخابات میں 3 ہفتوں سے کم وقت رہ گیا ہے لیکن کنزرویٹو اور اپوزیشن لیبر پارٹی کے درمیان مقابلہ جاری ہے اور مہم کے دوران ووٹرز سے وعدے کئے جارہے ہیں۔بورس جانسن نے اپنے انتخابی منشور میں لیبر پارٹی کے برعکس پالیسی اپناتے ہوئے ٹیکس میں اضافہ نہ کرنے کا وعدہ کیا ہے کہ جبکہ جریمی کوربن نے امیروں اور کاروباری طبقہ پر ٹیکس بڑھانے کا منشور پیش کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق انتخابات کے حوالہ سے ہونے والے سروے کے نتائج میں جانسن کی کنزرویٹو پارٹی کو برتری حاصل ہے تاہم ووٹرز کی ایک بڑی تعداد نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے جو پولنگ کے روز نتائج کو پلٹ سکتے ہیں۔وسطی انگلینڈ کے علاقہ ٹیل فریڈ میں بورس جانسن نے اپنی پارٹی کا انتخابی منشور پیش کرتے ہوئے کہا کہ‘‘بریگزٹ کو مکمل کرلیا جائے اور ملک میں بڑے پیمانے میں سرمایہ کاری کی لہر آئے گی‘‘۔بورس جانسن جب منشور کا اعلان کرنے کے لیے پہنچے تو ان کے حامیوں نے بورس کے نعرے لگائے جبکہ ان کے خلاف مظاہرہ بھی کیا جارہا تھا جو جھوٹا جھوٹا کے نعرے بلند کررہے تھے ۔