نئی دہلی، 4 جولائی (یو این آئی) صارفین کے امور کے محکمے نے نیشنل کنزیومر ہیلپ لائن پر درج کی گئی شکایات کا فوری طور پر تصفیہ کرتے ہوئے گزشتہ دو مہینے میں صارفین کو 7 کروڑ 14 لاکھ روپے رقم واپس کرنے میں مدد کی ہے ۔صارفین کے امور، خوراک اور عوامی نظامِ تقسیم کی وزارت نے جمعہ کو کہا کہ 15,426 صارفین کی یہ شکایات 30 محکموں سے متعلق تھیں۔ یہ شکایات 25 اپریل سے 30 جون کے درمیان درج کی گئی تھیں۔ان میں سے سب سے زیادہ 8,919 شکایات ای کامرس سیکٹر کی تھیں اور ان کے تصفیے سے صارفین کو 3 کروڑ 69 لاکھ روپے کی رقم ادا کی گئی۔ اس کے بعد سفرو سیاحت کے شعبے میں شکایت کرنے والے صارفین کو 81 لاکھ روپے کی رقم واپس کردی گئی۔ای کامرس ریفنڈ سے متعلق شکایات ملک کے تمام حصوں سے درج کی گئی تھیں اور ان میں سب سے زیادہ 1242 اتر پردیش سے تھیں۔ سکم اور دادرا اور نگر حویلی جیسے چھوٹے علاقوں سے بھی شکایات درج کی گئی تھیں۔ اس سے صارفین کے ازالے کے فورم کی قومی رسائی کا اظہار ہوتا ہے ۔ملک بھر کے صارفین اس ہیلپ لائن پر اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔