کنور کے آر ایس ایس آفس پر بم پھینکنے کی کوشش آر ایس ایس کارکن گرفتار

   

تھرواننتاپورم ۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا کے مقام کنور میں پولیس نے آر ایس ایس کے ایک کارکن کو گرفتار کرلیا جو مبینہ طور پر دہشت پیدا کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ اس نے آر ایس ایس آفس اور پولیس پکٹ پر دستی بم پھینکنے کی کوشش کی۔ یہ واقعہ 16 جنوری کو پیش آیا تھا۔ پولیس نے کل آر ایس ایس کارکن پربیش کو ٹاملناڈو کے کوئمبتور سے گرفتار کیا۔ کتھرور پولیس کے مطابق پربیش پر الزام ہیکہ اس نے آر ایس ایس آفس منوج سمرتی کیندرم کے سامنے پولیس پکٹ پر اسٹیل بم پھینکے۔ پوچھ تاچھ پر اس نے بتایا کہ اس کا نشانہ کنور کا آر ایس ایس آفس تھا جو سیاسی طور پر حساس علاقہ ہے اور یہ ظاہر کرنا چاہ رہا تھا کہ مخالفین نے یہ حملہ کیا ہے۔ سب انسپکٹر نجیش نے بتایا کہ کچھ عرصہ سے اس علاقہ میں پولیس پکٹ کو تعینات کیا گیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واقعہ کے فوری بعد اس کی نشاندہی کرلی گئی۔ اس حملہ کے فوری بعد وہ کوئمبتور چلا گیا تھا۔ یہاں سے اسے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس کے خلاف کئی فوجداری مقدمات زیرالتواء ہیں جن میں دھماکو اشیاء کے قانون کے تحت مقدمہ بھی شامل ہے۔ سب انسپکٹر نجیش ، سی پی او روہت اور وجیش کی زیرقیادت پولیس ٹیم نے کوئمبتور سے ملزم کو گرفتار کیا۔