کنوشا: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے نسلی ہنگاموں سے متاثرہ ریاست وسکونسن کے شہر کنوشا کے دورے کے بعد، صدارتی الیکشن میں ان کے مد مقابل جو بائیڈن بھی اس شہر کا دورہ کرنے جا رہے ہیں۔ یہ شہر پولیس کی طرف سے ایک سیاہ فام شہری پر گولی چلانے کے حالیہ واقعے کے بعد سے نسل پرستی کے خلاف عوامی احتجاج کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ان مظاہروں کے دوران تشدد کے واقعات بھی پیش آئے۔ بائیڈن جمعرات کے روز وسکونسن کے شہر کنوشا پہنچیں گے۔ واضح رہے کہ وسکونسن کے گورنر نے صدر ٹرمپ کو شورش زدہ شہر کنوشا کا دورہ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ ٹرمپ نے اپنے دورے کے دوران سکیورٹی فورسز سے بات چیت کی تھی، لیکن پولیس کی گولی کا نشانہ بن کر زخمی ہونے والے افریقی امریکی کے اہل خانہ سے انہوں نے کوئی رابطہ نہیں کیا تھا۔ امریکہ میں، نومبر میں صدارتی انتخابات ہونا ہے۔
