کنٹراکٹرس کے فائدے اور کمیشن کیلئے کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر : جیون ریڈی

   

پراجکٹ سے زرعی شعبہ کو کوئی فائدہ نہیں، پانی سمندر میں ضائع

حیدرآباد۔/19 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن کونسل جیون ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر کا مقصد فوت ہوچکا ہے کیونکہ پراجکٹ کا پانی زرعی اغراض کے بجائے سمندر میں ضائع ہورہا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کالیشورم پراجکٹ کے بارے میں بلند بانگ دعوے کررہے ہیں جبکہ حقائق اس کے برعکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ سے ایک قطرہ بھی پانی زرعی مقاصد کیلئے جاری نہیں ہوا ہے۔ ایلم پلی پراجکٹ سے 15 ٹی ایم سی پانی جاری کیا گیا۔ مڈ مانیر ایل ایم ڈی کو ملائیں تو صرف 20 ٹی ایم سی پانی موجود ہے۔ حکومت چھٹواں پمپ سیٹ بھی کامیابی کے ساتھ شروع کرنے کا دعویٰ کررہی ہے جبکہ اس سے کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے نام پر حکومت زرعی شعبہ کو نظرانداز کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پراجکٹ صرف کمیشن کیلئے تعمیر کیا گیا ہے۔ کنٹراکٹرس اور حکومت میں شامل بڑے افراد کی جیب بھرنے کیلئے کالیشورم پراجکٹ کا آغاز کیا گیا۔ جیون ریڈی نے کہا کہ حکومت نے کئی اہم کاموں کو انٹر نیشنل ٹنڈرس طلب کرنے کے بجائے نامنیشن کی بنیاد پر کام الاٹ کئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نامنیشن کی بنیاد پر الاٹ کردہ کاموں کو فوری منسوخ کرے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اس پراجکٹ کے بارے میں جس قدر پبلسٹی کررہی ہے حقیقت میں ایسا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ دنیا بھر میں کالیشورم پراجکٹ کی سراہنا کی جارہی ہے اور یہ غیر معمولی کارنامہ ہے جبکہ حکومت کو زرعی شعبہ سے کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس دور حکومت میں جو پراجکٹس تعمیر کئے گئے اس کی حقیقت قبول کرنے کیلئے حکومت تیار نہیں ہے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں کئی بے قاعدگیاں انجام دی گئیں جس کے ثبوت کے ساتھ کانگریس پارٹی عوام میں پیش کرے گی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ کالیشورم پراجکٹ کنٹراکٹرس اور چیف منسٹر کے قریبی افراد کے فائدے اور کمیشن کیلئے شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 4,600 کروڑ روپئے کے کام نامنیشن کی بنیاد پر الاٹ کردیئے گئے جبکہ بین الاقوامی ٹنڈرس طلب کئے جانے چاہیئے تھے۔ پراجکٹس میں دھاندلیوں کو کانگریس پارٹی بے نقاب کرے گی۔