کنٹراکٹ اسسٹنٹ پروفیسرس کا اندرا پارک پر ’’ مہا دھرنا ‘‘

   

خدمات کو باقاعدہ بنانے پروفیسر ہرگوپال، نرسی ریڈی اور آر کرشنیا کا مطالبہ

حیدرآباد۔/20 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کی 12 اسٹیٹ یونیورسٹیز کے کنٹراکٹ اسسٹنٹ پروفیسرس کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج اندرا پارک پر ایک روزہ ’’ مہا دھرنا ‘‘ منعقد کیا گیا۔ تلنگانہ اسٹیٹ یونیورسٹیز کنٹراکٹ ٹیچرس جائنٹ ایکشن کمیٹی کی قیادت میں اسسٹنٹ پروفیسرس نے حکومت سے مانگ کی کہ ان کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ ریاستی یونیورسٹیز میں 1445 سے زائد اسسٹنٹ پروفیسرس کنٹراکٹ کی بنیاد پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ حکومت نے دیگر محکمہ جات کے کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے لیکن یونیورسٹیز کے اساتذہ محروم ہیں۔ رکن کونسل نرسی ریڈی، رکن راجیہ سبھا آر کرشنیا اور پروفیسر ہرگوپال کے علاوہ جائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین نے خطاب کیا۔ دھرنا میں ضلع سطح پر واقع یونیورسٹیز کے کنٹراکٹ اسسٹنٹ پروفیسرس نے شرکت کی۔ مقررین نے حکومت کو انتباہ دیا کہ اگر کنٹراکٹ اسسٹنٹ پروفیسرس کے حق میں فیصلہ کی تاخیر کی گئی تو احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی۔