کنٹراکٹ اسسٹنٹ پروفیسر کا جی او 21 کے خلاف احتجاج

   

محبوب نگر /9 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ کی 12 ریاستی یونیورسٹیوں میں کام کرنے والے سینکڑوں کنٹراکٹ اسسٹنٹ پروفیسرس نے باقاعدہ بھرتی سے متعلق متنازعہ گورنمنٹ آرڈر GO نمبر 21 کے خلاف آج زبردست احتجاج کیا ۔ احتجاج کرنے والے فیکلٹی ممبران جو برسوں سے مختلف عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جی او کی فوری منسوخی یا معطلی کا مطالبہ کر رہے ہیں اور حکومت پر زور دے رہے ہیں کہ کسی بھی نئے بھرتی کے عمل کو آگے برھانے سے پہلے موجودہ کنٹراکٹ عملے کی خدمات کو باقاعدہ بنایا جائے ۔ حکام سے کئی بار کی اپیلوں اور نمائندگی کے باوجود کوئی مثبت اقدام نہیں اٹھایا گیا ۔ جس کی وجہ سے ماہرین تعلیم پرامن مظاہرہ کرتے ہوئے سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہیں۔ احتجاج میں ریاست بھر سے تقریباً 1000 سے زائد اسسٹنٹ پروفیسرز نے شرکت کی ۔ جیسے جیسے احتجاج میں شدت آتی گئی ۔ کئی شرکاء کو پولیس نے حراست میں لے لیا اور تلنگانہ اور حیدرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشن بشمول مشیرآباد، چکڑپلی اور نامپلی کے علاوہ اضلاع محبوب نگر و دیگر سے لے گئے ۔ گرفتاریوں سے تعلیمی برادری میں بڑے پیمانے پر تشویش کو جنم دیا۔ جنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کا احتجاج پرامن اور تعلیمی سالمیت اور ملازمت کے تحفظ کے مفاد میں تھا ۔