حیدرآباد ۔ 9۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کی برقراری کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ کے سی آر دور حکومت میں کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ پر جن ملازمین کا تقرر کیا گیا تھا، ان کی برقراری پر مذکورہ کمیٹی حکومت کو رپورٹ پیش کرے گی۔ سرکاری محکمہ جات ، کارپوریشنوں ، عوامی شعبہ کے اداروں ، مجالس مقامی ، یونیورسٹیز اور سوسائٹیز میں آؤٹ سورسنگ ملازمین کا تقرر کیا گیا تھا۔ کمیٹی میں ریٹائرڈ چیف سکریٹری شانتی کماری ، ریٹائرڈ ائی اے ایس عہدیدار این شیو شنکر ، پرنسپل سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ اور آئی اے ایس عہدیدار رگھونندن راؤ کو شامل کیا گیا ہے۔ کمیٹی سرکاری اداروں میں منظورہ پوسٹ ، مخلوعہ جائیدادوں اور درکار اسٹاف پر حکومت کو رپورٹ پیش کرے گی۔1
تلنگانہ کے لیے درکار یوریا سربراہ کرنے
جے پی نڈا کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 9۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی نمائندگی پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی وزیر کیمیکلس اینڈ فرٹیلائیزرس جے پی نڈا نے تلنگانہ کیلئے درکار یوریا فوری طور پر سربراہ کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ جے پی نڈا نے 2023-24 ربیع سیزن میں سربراہ کی گئی یوریا سے 21 فیصد زائد سربراہی کی ہدایت دی ہے۔ خریف سیزن میں کسانوں کو یوریا کی قلت کا سامنا ہے جس کی چیف منسٹر نے مرکزی وزیر سے نمائندگی کی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلہ جاریہ سال تلنگانہ میں زرعی سرگرمیوں کے تحت 12.4 فیصد اضافی یوریا کی مانگ میں اضافہ درج کیا گیا۔ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں کسان یوریا کی سربراہی کے منتظر ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی نمائندگی کے بعد مرکزی وزیر نے متعلقہ عہدیداروں کو یوریا سربراہ کرنے کی ہدایت دی۔1