حیدرآباد۔/6 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کنٹراکٹ جونیر لیکچررس کی تنخواہوں کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ ریونت ریڈی نے مکتوب میں کہا کہ تلنگانہ تحریک میں کنٹراکٹ ملازمین اور جونیر لیکچررس نے اہم رول ادا کیا تھا۔ کے سی آر نے کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کا وعدہ کیا۔ تلنگانہ تشکیل کے 10 برس مکمل ہونے کے باوجود اس وعدہ کی تکمیل نہیں کی گئی۔ گذشتہ 9 برسوں سے کنٹراکٹ ملازمین اور جونیر لیکچررس حکومت کے فیصلہ کا انتظار کررہے ہیں۔ 2014 کے انتخابی منشور میں بی آر ایس نے اس وعدہ کو دہرایا تھا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کنٹراکٹ جونیر لیکچررس اپریل سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ بعض اضلاع میں ڈگری کالجس کے کنٹراکٹ لیکچررس بھی تنخواہوں سے محروم ہیں۔
تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے سینکڑوں ملازمین معاشی مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے چھ ماہ سے زیر التواء تنخواہوں کی فوری اجرائی کا مطالبہ کیا اس کے علاوہ خدمات کو باقاعدہ بنانے کی اپیل کی۔